ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بجٹ اجلاس: ایوان بالا میں سبھی تعلیمی اداروں کو کھولنے کا مطالبہ

بجٹ اجلاس: ایوان بالا میں سبھی تعلیمی اداروں کو کھولنے کا مطالبہ

Thu, 10 Feb 2022 19:21:49    S.O. News Service

نئی دہلی،10؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) راشٹریہ جنتا دل کے منوج جھا نے آج ایوان بالا راجیہ سبھا میں کورونا وائرس کی وجہ سے بند تمام تعلیمی اداروں کو فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا۔ جمعرات کو وقفہ صفر کے دوران اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے منوج جھا نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے آن لائن تدریس کی وجہ سے پسماندہ اور غریب طبقات سے تعلق رکھنے والے تمام طبقات کے طلباء کو مشکلات کا سامنا ہے۔

منوج جھا نے کہا کہ کئی اسٹڈیز سے ثابت ہوا ہے کہ آن لائن موڈ میں پڑھانے سے طلباء کو جو نقصان ہوا ہے اس کی تلافی کئی نسلوں تک نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے غریب طلباء کے لیے بہت بڑا تفاوت پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ تمام اسکولز، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے فوری طور پر کھولے جائیں اور ان کے ہاسٹلز کو بھی فعال کیا جائے۔

مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے جان برٹس نے کہا کہ اس ملک میں بزرگ شہریوں کی بڑی آبادی ہے اور یہ لوگ مختلف سطحوں پر کام کرتے ہوئے ملک کے لیے اپنی زندگیاں گزار چکے ہیں، لیکن ان کے پاس بڑھاپے میں زندہ رہنے کے ذرائع نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بڑھاپے کی پنشن سے زندہ رہنے کے قابل نہیں ہیں اور حکومت نے ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے بجٹ میں بھی کمی کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرف توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔

نامزد رکن نریندر جادھو نے قبائلی علاقوں میں کورونا ویکسینیشن کی کمی کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے چاہئیں۔ بی جے پی کے دیپک پرکاش نے جھارکھنڈ میں کوئلے کی کانوں میں غیر قانونی کان کنی کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ ریاستی حکومت کو اس کی جانچ کے لیے سخت اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کانوں میں مزدوروں کی موت ہو رہی ہے۔


Share: